ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون ایک سال سے بھی کم عرصے میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ویسے تو ابھی مختلف اینڈرائیڈ کمپنیاں فولڈ ایبل فونز تیار کر رہی ہیں مگر ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں کوئی کریز یا سلوٹ نہیں ہوگی۔
ایک نئی لیک کے مطابق ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون دیگر فولڈ ایبل فونز کے مقابلے میں مختلف ہوگا کیونکہ یہ کریز لیس ڈیزائن سے لیس ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ڈیوائس اب تجرباتی مرحلے سے نکل کر پری ماس پروڈکشن موڈ میں داخل ہوگئی ہے۔
ابھی کوئی بھی فولڈ ایبل فون ایسا نہیں جسے کریز لیس قرار دیا جاسکے۔
اس فون کو ستمبر 2026 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
مگر اس فون کو خریدنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہوگی۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کی قیمت 2400 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
اتنی زیادہ قیمت کی ایک بڑی وجہ اس کا کریز لیس ہونا بھی ہے کیونکہ اس کے لیے سیال دھاتی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا جو کہ کافی مہنگی ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کی اندرونی اسکرین سام سنگ ڈسپلے سے لیس ہوگی جبکہ پینل اسٹرکچر اور دیگر چیزوں کو ایپل کی جانب سے ڈیزائن کیا جائے گا۔
اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے اگلے سال اسٹینڈرڈ آئی فون 20 کو پیش نہیں کیا جائے گا بلکہ آئی فون ائیر اور پرو ماڈلز کو فولڈ ایبل آئی فون فولڈ کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔